مولانا فضل الرحمان سے ملنے انکی رہائش گاہ جانیوالا پی ٹی آئی کا وفد بغیر ملاقات واپس چلا گیا، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد(پی این آئی) مولانا فضل الرحمان سے ملنے ان کی رہائش گاہ جانے والا پی ٹی آئی کا وفد وہاں پر حکومتی وفد کی پہلے سے موجودگی کے باعث واپس آگیا۔

پی ٹی آئی وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا۔ وفد میں بیرسٹرگوہر، اسدقیصر، عمرایوب، شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔تاہم مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر حکومتی وفد پہلے سے موجود تھا جس کے باعث پی ٹی آئی کا وفد وہاں سے واپس آگیا۔مولاناکی رہائش گاہ سے واپسی کے بعد پی ٹی آئی وفد نے ڈی چوک کے قریب ہوٹل پر چائے پی۔ وفد نے حکومتی وفدکی روانگی کا انتظار ڈی چوک پرکیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہےکہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے وقت کا تعین دوبارہ کیا جارہا ہے۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہرکا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کسی بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے، مولانا فضل الرحمان اسمبلی فلور پر واضح کرچکے ہیں کہ وہ عدلیہ سے متعلق کسی متنازع ترمیم کی حمایت نہیں کریں گے۔بیرسٹرگوہر کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے ہم آج دوبارہ اسی نقطہ نظر پر پھر سے اتفاق کرلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں