کراچی(پی این آئی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں، چاہتے ہیں سیلاب متاثرین کے 20 لاکھ گھروں کو بھی سولر سسٹم دیں۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 2 لاکھ سولر ہوم سسٹم کٹس کی فراہمی کےلیے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو 80 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پروگرام کا آغاز 2020 میں کیا گیا مگر سبسڈی کی رقم 40 فیصد تھی، سندھ سولر انرجی پروجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے، ایکنک نے 27.4 بلین روپے کی لاگت سے اس معاہدے کی منظوری دی ہے، ورلڈ بینک اس پروجیکٹ پر 100 ملین ڈالر کی فنڈنگ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب عالمی بینک کے تعاون سے سبسڈی کی رقم 80 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے، 2022 میں تباہ کن سیلاب اور کوویڈ 19 کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گرین پاور پلانٹ سے سستی بجلی عوام کو ملے گی، سندھ میں نوجوانوں کو سولر ٹیکنیشن کی ٹریننگ بھی دے رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں