مون سون بارشیں، اب تک کتنا جانی اور مالی نقصان ہوچکا ہے؟ افسوسناک تفصیلات آگئیں

لاہور(پی این آئی )پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث 6 افراد جاں بحق، 6 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونیوالوں میں 1 بچہ اور 5 عورتیں شامل ہیں۔

ماہ جولائی میں بارشوں کے باعث 39 افراد جاں بحق اور 113 لوگ زخمی ہوئے۔موسم برسات میں 61 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 39 جانور ہلاک ہوئے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق سوگوار خاندانوں کی مالی امداد یقینی بنائی جائے گی۔ بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں کے گرنے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔ شہریوں سے التماس ہے کہ پرانی اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

30 جولائی سے 4 اگست تک دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر اور رودکوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ مون سون بارشوں کا سپیل 4 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہری موسم برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close