کراچی (پی این آئی) ایدھی فاؤنڈیشن کے تین سرد خانوں میں 4 دنوں کے دوران 320 میتوں کو رکھوایا اور غسل کرایا گیا۔ایدھی حکام کے مطابق 18جولائی کو رات 8 بجے تک 91 میتوں کو ایدھی کے تین سرد خانوں میں رکھوایا گیا، ایدھی ہوم سہراب گوٹھ میں 73، کورنگی سرد خانے میں 9 اور موسی ٰ لین سرد خانے میں 9 متیوں کو رکھوایا گیا۔فاؤنڈیشن کے مطابق تین سرد خانوں میں 17جولائی کو 91 جبکہ 16جولائی کو 71 اور 15 جولائی کو 67 میتوں کو رکھوایا اور غسل کرایا گیا۔
یاد رہے کہ 19جون سے یکم جولائی تک ایدھی کے سرد خانوں میں 1431 میتوں کو رکھوایا اور غسل کرایا گیا۔ایدھی حکام نے اس تعداد کو عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ قرار دیا تھا تاہم یکم جولائی کے بعد شہر میں گرمی کی شدت میں کمی سے متیوں کی تعداد میں بھی کمی ہوئی جبکہ ایک بار پھر شدید گرمی، لو اور حبس سے ہلاکتوں میں معمول سے کچھ اضافہ ہوا ہے۔شہر کے دیگر ریسیکو حکام کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران لاوارث نعشوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن میں زیادہ تر نشہ کرنے والے افراد شامل ہیں۔علاوہ ازیں یوم عاشور پر گرمی سے سیکڑوں عزاداروں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں جلوس کے راستے میں قائم مختلف طبی کیمپ پر لایا گیا اور طبی امداد دی گئی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں