اسلام آباد(پی این آئی)نیب کی جانب سے 190ملین پاؤنڈ سکینڈل میں نیا ضمنی ریفرنس دائرکئے جانے کا امکان،ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ملزم نامزد کیا جائیگا، ضمنی ریفرنس آئندہ نیب ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کیا جائے گا اور نیب ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ریفرنس غیر قانونی طریقے سے تحائف حاصل کرنے پر بنایا جائے گا، نیب ٹیم تفتیش مکمل ہونے پر رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھیجے گی۔نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ نجی سوسائٹی میں چھاپے کے دوران ملنے والے شواہد کوریفرنس کا حصہ بنایا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز اسکینڈل ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی تھی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلا سلمان صفدر، ظہیر عباس چوہدری اور عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، عرفان بھولا اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
دوران سماعت وکلا کی جانب سے 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔بشریٰ بی بی کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر سلمان صفدر نے دلائل دیئے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو مختصر وقفے کے بعد سناتے ہوئے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی تھی۔
دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے نیب کے مزید تین گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی تھی۔190 ملین پاونڈ ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 27 پر جرح مکمل کر لی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں