سابق کرکٹرز نے بورڈ سے کئی سالوں بعد انعام مانگ لیا

نئی دہلی (پی این آئی) بھارت کی 1983کی ورلڈکپ فاتح ٹیم نے کرکٹ بورڈ سےانعام مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے موجودہ ٹی 20چیمپئن سائیڈ کو 125کروڑ کی انعامی رقم دی تھی، جس پر 1983ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے پلیئرز کا کہناہے کہ بورڈ نے ہمیں فنڈز کی کمی کے سبب بہت کم رقم دی تھی، اب تو بورڈ کے پاس بہت دولت ہے، اب انھیں انعام دینے سے کون روک سکتا ہے۔ خیال رہے کہ 1983ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی اسکواڈ کے ہر ممبر کو 25ہزار ملے تھے۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح بھارتی ٹیم کیلئے بھارتی بورڈ کی انعامی رقم کی تقسیم سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں، رپورٹ کے مطابق جے شاہ کی اعلان کردہ انعامی رقم 125کروڑ بھارتی روپے 42اراکین میں تقسیم کی جائے گی، بھارتی اسکواڈ میں 15کھلاڑیوں سمیت سپورٹ سٹاف، ریزروز اور دیگر 42افراد شامل تھے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انعامی رقم تمام افراد میں تقسیم کی جا رہی ہے تاہم انعامی رقم میں سے ہر کسی کو اس کے رول کے مطابق حصہ دیا جائے گا۔15رکنی اسکواڈ کو یکساں طور پر 5، 5کروڑ روپے دیے جائیں گے، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کو بھی 5کروڑ روپے ملیں گے جب کہ سپورٹ اسٹاف کے اراکین کو اڑھائی، اڑھائی کروڑ روپے دیے جائیں گے۔انعامی رقم سے سلیکشن کمیٹی کے اراکین کو ایک ایک کروڑ روپے ملیں گے، ایک فزیو تھراپسٹ، 3 تھرو ڈان اسپیشلسٹ، 2مساجر اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کو 2، 2کروڑ روپے ملیں گے جب کہ 4ریزروکھلاڑیوں کو بھی ایک ایک کروڑ روپے مل رہے ہیں۔انعامی رقم کی تقسیم کے حوالے سے تمام کرکٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں