بابر کو ہٹا کر کس کو کپتانی دینی چاہئے؟ اینڈی فلاور نے اپنی رائے دیدی

لندن (پی این آئی) زمبابوے کے سابق ٹیسٹ کرکٹر و پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور نے قومی ٹیم کپتانی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

’کرک انفو‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں ملتان سلطانز کے ہیڈکوچ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کیلئے لیگ اسپنر شاداب خان اس ریس سے باہر ہیں، ہوسکتا شاہین کو دوبارہ کپتان بنایا جائے لیکن مجھے لگتا ہے کہ گرین شرٹس کیلئے محمد رضوان بہترین آپشن ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کپتانی میں اچانک تبدیلی اور نئے ہیڈکوچ کی آمد نے گرین شرٹس کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے، انہوں نے میگا ایونٹ سے قبل بڑی تبدیلیاں کیں، عامر کیساتھ عماد وسیم کو واپس لائے لیکن فائدہ نہیں ہوا۔اینڈی فلاور نے کہا کہ گیری کرسٹن بطور ہیڈ کوچ ٹیم سے وابستہ ہوئے لیکن ٹیم پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگئی، بطور کوچ یہ بہت مشکل آغاز ہے، پاکستانی ٹیم کی باڈی لینگویج سے لگا جیسے گھبرائی ہوئی ہو۔خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، بعد ازاں بورڈ نے شاہین کو ٹی20 جبکہ ٹیسٹ کیلئے شان مسعود کو کپتان بنایا تھا۔

چیئرمین کی تبدیلی کے بعد شاہین کو محض ایک سیریز کا موقع ملا اور ان سے کپتانی لیکر بابر اعظم کو دیدی گئی جس سے ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں۔ قومی ٹیم نے اس عرصے میں نیوزی لینڈ کی سی ٹیم سے ہوم گراؤنڈ پر سیریز 2-2 سے برابر کی، آئرلینڈ کیخلاف بمشکل 1-2 سے سیریز جیت سکے اور میگا ایونٹ میں امریکی ٹیم نے انہیں اَپ سیٹ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close