کراچی(پی این آئی)سندھ کابینہ نے بجٹ تجاویز 25-2024 کی منظوری دیدی،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے پری بجٹ اجلاس میں نئے مالی سال 25-2024ءکی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزرائ، مشیران، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میںسندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 22 سے 30 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے، گریڈ 1 تا 6 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد جبکہ گریڈ 7 سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔بجٹ میں پنشنرز کیلئے 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے، مزدور کی کم از کم اجرت 37 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے 10 نکات پر عملدرآمد کے حساب سے بجٹ بنایا گیا ہے۔بلاول بھٹو کے انتخابات میں کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا وقت شروع ہو رہا ہے۔غربت کے خاتمے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی تجاویز ہیں۔یاد رہے کہ سندھ حکومت آئندہ مالی سال کا 3 ہزار ارب سے زائد حجم کا بجٹ آج پیش کرے گی۔سندھ کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 سے 25 فیصد جبکہ پنشن میں 15 فیصد اضافے کا امکان ہے، کم سے کم تنخواہ وفاق اور پنجاب کے برابر کرنے، صوبے کا ترقیاتی بجٹ نو سو ارب سے زائد رکھے جانے کی توقع ہے۔
بجٹ میں 12 ارب کی کراچی میگا سکیمز شامل کی جائیں گی، نئی سکیمز کے بجائے صوبائی ترقیاتی پروگرام میں نیا پورٹ فولیو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی محصولات کی وصولی کا ہدف بڑھایا جائے گا، مختلف محصولات کی شرح میں ردوبدل کی تجویز ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں