مذاکرات شروع ہوئے تو ہماری پہلی ترجیح کیا ہوگی؟ عمر ایوب نے بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مذاکرات شروع ہوئے تو سب سے پہلے عمران خان کو رہا کرانا ترجیح ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم اس دن کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اسمبلی میں آئیں، وہ نہ صرف اپوزیشن کولیڈ کریں بلکہ وزیراعظم کی کرسی پر بھی بیٹھیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کے منتظر ہیں، مذاکرات شروع ہوئے تو پھر معاملے کو دیکھیں گے، سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا ترجیح ہوگی اور اس کے بعد جتنے بھی سیاسی اسیران ہیں ان کو رہا کرانا مقصد ہوگا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ کے گھر کے سامنے قیدی وین کھڑی کر کے اس گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی، امجد خان نیازی کو رہا کرکے دوبارہ دوسرے کیسز میں گرفتار کر رہے ہیں، یہ حالات ہیں تحریک انصاف کے ساتھ جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح 7 بج کر 55 منٹ پر سرگودھا عدالت کے سامنے موجود تھے۔

پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے تھے، ہمیں انسداد دہشتگردی عدالت میں جانے نہیں دیا گیا، ہم بڑی مشکل سے گیٹ پر پہنچنے، ہم نے گیٹ کھٹکٹھایا تو کہا گیا کہ سیکیورٹی الرٹ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدالت کے اندرجج صاحب یرغمال لگ رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضمانتیں عدم پیروی کی وجہ سے منسوخ کردیں حالانکہ ہم وہیں موجود تھے۔ یاد رہے کہ سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے پیر کو عمر ایوب سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کردی گئی تھیں جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم، وہ کارکنوں کی موجودگی کے باعث گرفتاری سے محفوظ رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close