اسکالر شپ کے خواہشمند طلباء کیلئے حوصلہ افزا خبر

کراچی (پی این آئی)این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے زیر تعلیم اور نئے داخلہ لینے والے تمام انڈر گریجویٹ طلبہ کے لیے 100 فیصد سے 20 فیصد تک اسکالر شپ دینے کا اعلان کردیا ہے، جس کے لیے 23 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کردیے گئے ہیں۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے اعلان پر عمل درآمد کے لیے سینڈیکیٹ سے منظوری کے بعد اسے انڈر گریجویٹ فیلو شپ پروگرام کے نام سے جاری بھی کردیا گیا ہے، فیلو شپس کو معروف قومی شخصیات قائد اعظم، علامہ اقبال، لیاقت علی خان، سرسید احمد خان، مولانا محمد علی جوہر اور محترمہ فاطمہ جناح سے منسوب کیا گیا ہے۔نئے فیلو شپ پروگرام کے لیے سالانہ 23 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھے گئے ییں اور این ای ڈی یونیورسٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کی اسکالر شپ دینے کی مثال پاکستان کی کسی بھی جامعہ میں اس سے قبل موجود نہیں ہے لہٰذا یہ اسکالر شپ پروگرام ملک میں اعلیٰ تعلیم کے افق پر ایک نیا معیار قائم کرنے جا رہا ہے، جس کی بدولت کسی بھی طالب علم کو محض مالی مجبوری کی بنیاد پر اپنا تعلیمی سلسلہ ترک نہیں کرنا پڑے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں