اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام لاپتہ افراد کے مقدمات کو براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔
جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مغوی شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے دائر درخواست کی سماعت کے اختتام پر حکم جاری کیا کہ آئی ایس آئی، ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع اگلی سماعت پر 29 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں وزیر قانون اور سیکریٹری قانون کو بھی عدالت کی معاونت کے لیے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر کا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کا بیان قلمبند کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق ’عدالت ضروری سمجھتی ہے کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہیے۔‘ جسٹس محسن اختر کیانی کے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت زیرِبحث مقدمے کی کارروائی رپورٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں