ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی کا 9مئی واقعات سے متعلق بڑا مطالبہ سامنے آگیا

راولپنڈی(پی این آئی) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، پہلے انتظار پنجھوتہ کو روکا گیا اور آج شیر افضل مروت کو اندر جانے نہیں دیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ کے حکم پر تسلی ہے، یقین ہے کہ کسی بھی پارٹی کو جیتی سیٹوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دی جائیں گی اور ہمیں ہمیں انصاف ملے گا۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم انورالحق کاکڑ کے بیان پر بھی بات کی ہے، پہلی کمشنر راولپنڈی اور اب سابق نگران وزیراعظم نے فارم 47 کا اعتراف کیا ہے، ہم عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی درخواستوں پر سماعت ہو، باقی درخواستوں پر بھی بینچ بنائے تاکہ فیصلہ ہوسکے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو امریکی سفیر سے ملاقات کا بتایا ہے، بانی پی ٹی آئی نے امریکی سفیر سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم 9 مئی کو پُرامن احتجاج کریں گے، تمام ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہا ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں