گندم اسکینڈل پر نواز شریف سخت برہم، وزیراعظم کو طلب کر لیا

لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے گندم اسکینڈل پر وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق قائد نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے قائد نے کہا کہ ملک میں گندم کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم اسکینڈل پر نوازشریف نے پیرکو وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا اور اُسی روز شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد کو رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں نواز شریف کو بتایا گیا کہ بحری جہاز گندم لے کر چل پڑے اور منظوری بعد میں ہوئی ، 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے 7 روز بعد ہی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں کسانوں سے گندم خریدنے کے طریقہ کار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ کسان کارڈ فوری دیے جائیں تاکہ کسانوں کو اگلی فصل میں آسانی ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں