الیکشن ہارنے والے رانا ثنا اللہ وفاقی کابینہ میں شامل ، اہم عہدہ دیدیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کو وزیر اعظم کا مشیر برائے سیاسی امور تعینات کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا ثنا اللہ کے تقرر کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر کی جانب سے منگل کی شام جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صدر مملکت آصف علی زرداری نے رانا ثنا اللہ خان کی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور تعیناتی کی منظوری دے دی۔‘ ’وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور رانا ثناء اللہ خان کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا۔‘ صدر مملکت نے رانا ثناء اللہ خان کی تعیناتی کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 93 (ایک) کے تحت دی۔ خیال رہے کہ اس وقت رانا ثنا اللہ خان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر ہیں۔ انہیں 2024 کے عام انتخابات میں فیصل آباد میں اپنے آبائی حلقے سے شکست ہوئی تھی۔ پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت کے دوران رانا ثنا اللہ وفاقی وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں