ملکی خزانہ ڈالروں سے لبالب بھر گیا،معیشت کیلئے اچھی خبر

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر موصول ہوگئے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 29 اپریل 2024 کو ہونے والے اجلاس میں سٹینڈ بائی معاہدے (ایس بی اے) کے تحت پاکستان کے لئے 1.1 ارب ڈالر کی منظوری دی تھی۔ترجمان نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 29 اپریل کو دی گئی منظوری کے بعد سٹیٹ بینک کو آج 30 اپریل کو 1.1 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق یہ تیسری اور آخری قسط ہے۔ اس سے قبل پاکستان 1.9 ارب ڈالر وصول کرچکا ہے۔

دوسری جانب حکومت آئی ایم ایف سے ایک اور پروگرام لینے کا فیصلہ کرچکی ہے جس کے لئے مذاکرات کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ دنوں نے کہا تھا کہ جون یا جولائی میں آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں نئے قرض پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں