شعیب شاہین نے ڈالر 50 روپے تک لانے کا طریقہ بتا دیا

راولپنڈی (پی این آئی) شعیب شاہین نے ڈالر 50 روپے تک لانے کا فارمولہ بتا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینئر قانون دان شعیب شاہین نے جمعہ کے روز اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ لوٹا ہوا پیسہ پاکستان واپس لایا جائے تو ڈالر 50 روپے کو ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ بہاولنگر والے واقعہ پر سو موٹو ایکشن لیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ 6 ججز والا معاملہ فل کورٹ کو بھیجا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 سالوں میں پاکستانی روپے کی قدر 50 فیصد تک گر چکی۔ روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ جبکہ مستقبل قریب میں روپے کی قدر میں خاطر خواہ اضافے کی بھی کوئی امید نہیں۔

پاکستانی روپے کی قدر کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران روپے کی قدر میں کمی کا امکان نہیں ہے۔ دورہ امریکہ کے دوران بلومبرگ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہیں، روپے کا ریٹ بھی مستحکم ہے، ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی روپیہ کی قدر میں سالانہ 6 سے 8 فیصد کمی ہوتی ہے لیکن اس وقت روپے کی قدر میں کمی کی کوئی اور وجوہات نہیں ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں اضافہ کیا جائے، پاکستان کیلئے صرف اور صرف مشکلات کا باعث عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close