طوفانی بارشیں، 75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

دبئی(پی این آئی)طوفانی بارشیں، 75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔۔۔دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔دبئی میں 2 سال کی بارش چند گھنٹوں میں برس گئی جہاں پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں جب کہ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زایدکے متعدد حصے بند کرنے پڑ گئے،شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی جمع ہوگیا جب کہ شدید بارش نے 25 منٹ تک دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رکھا جس سے آنے جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

دوسری جانب مارکیٹس، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی آ گیا، شارجہ کی کئی سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان اور العین میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔ یو اے ای کے محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور ساتھ ہی ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط ر ہنے کی ہدایت کی ہے۔امارات میں آج بھی تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز اور دفاتر کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی گئی ہے جب کہ اماراتی شہروں کے درمیان چلنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close