شاہین آفریدی کو کپتانی سےکیوں ہٹایا؟پی سی بی نے وجہ بتا دی

لاہور (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتا دیں۔

پی سی بی نے بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ وہ اس سے قبل 2019 سے 2023 کے درمیان 43 ون ڈے اور 71 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔گزشتہ سال ورلڈکپ میں شکست کے بعد بابر اعظم کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا تاہم اب پھر پی سی بی نے بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اسٹریٹجک اقدام کے تحت جس کا مقصد کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا تھا، پی سی بی نے وائٹ بال کی قیادت کو تبدیل کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار بیٹنگ کے ریکارڈ کے لیے مشہور بابراعظم شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی سنبھالیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا ہے اور انہوں نے کئی برسوں سے پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کی ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر اور خاص کر فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم سے مطابقت رکھتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close