کراچی(پی این آئی)ڈکیت گروہ کا سرغنہ، پولیس افسر کا بیٹا نکلا۔۔۔کراچی کے علاقے کلری لیاری میں 3 روز قبل مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے 2 ڈاکوؤں سے پولیس کی تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات سامنے آئے۔گرفتار ملزم شاہجہان اور مراد نے اپنے گینگ سے متعلق انکشافات کیے ہیں جن میں پتا چلا ہے کہ 8 رکنی ڈکیت گروہ کے سرغنہ معیز کے والد اور 2 بھائی پولیس میں ہیں۔ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے متعدد شہریوں کو دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے زخمی اور قتل کیا،
دوران ڈکیتی کھارادر پولیس سے مقابلے میں ان کا ایک ساتھی زخمی ہو کر گرفتار ہوا جب کہ ان کا گینگ کلفٹن، لیاری اور پہلوان گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں وارداتیں کرچکا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے کچھ ماہ قبل پہلوان گوٹھ میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے گزشتہ سال کلفٹن میں فاسٹ فوڈ کی برانچ میں بھی ڈکیتی کی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی ڈکیتیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں، ملزمان نے بغدادی میں تاجر کو ڈیل کے بہانے بلا کر اس سے 4 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹی جب کہ ملزمان نے ڈسٹرکٹ سٹی، ایسٹ اور سینٹرل میں متعدد وارداتیں کی ہیں، ملزم معیز وارداتیں کرنے کے بعد خیبر پختونخواہ اور ہزارہ میں روپوش ہو جاتا ہے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں