شیخ رشید نے سیاست سے متعلق طویل خاموشی کی وجہ بتا دی

راولپنڈی( پی این آئی ) اپنے بیانات و سیاسی تبصروں تجزیوں کے لیے مشہور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ خاموشی بہترین عبادت ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گری عدالت راولپنڈی میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد انسدادہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق اور ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، جس پر عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کو حاضری لگا کر کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے انسدادہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد مختصر ترین گفتگو کی، صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’آپ کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے؟‘ جس پر سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ہاں مجھے حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے‘۔ اس دوران جب صحافی نے ان سے پوچھا کہ ’آپ اتنی خاموشی تو نہ رکھیں کم سے کم اپنے دیکھنے والوں کو رمضان مبارک ہی کہہ دیں‘، اس کے جواب میں شیخ رشید احمد مسکرا دیئے اور کہا کہ ’سارے عالم اسلام کو میری طرف سے ماہ رمضان مبارک ہو اور ہاں خاموشی ہی بہترین عبادت ہے‘، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اپنے مختصر جواب کے بعد گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ابھی سیاست نہیں کر رہا، رمضان کے بعد دیکھیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تو میں کوئی تبصرے نہیں کر رہا، جیتے ہوئے لوگوں کا انٹرویو کریں میں تو ہارا ہوا ہوں، میں الیکشن میں اپنی ہار کو تسلیم کرتا ہوں، فی الحال میں کسی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوں، حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close