لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں شیڈو کابینہ بنائی جائے گی، پی ٹی آئی کی جانب سے 48 گھنٹوں میں پنجاب میں شیڈو کابینہ کا اعلان متوقع ہے، میاں اسلم اقبال نے اس حوالے سے پارٹی قیادت اور ارکان اسمبلی سے مشاورت شروع کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت انتقام اور جھوٹ کی حکومت ہے، پبلک ریلیف کے حوالے سے حکومتی کارکردگی زیرو ہے، پنجاب میں صرف انتقامی کارروائیاں چل رہی ہیں، تحریک انصاف ایک ایک محکمے پر چیک رکھے گی، شیڈو کابینہ کو حکومتی محکمے کی کارکردگی پر نظر رکھنے کی ذمہ داریاں دی جائیں گی، مختلف ارکان اسمبلی کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی آمد ہے اور مہنگائی کا طوفان استقبال کررہا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے صرف اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کی تیزی نظر آرہی ہے، جی پی او چوک پر فائرنگ ملک بھر کے میڈیا کو نظر نہیں آئی لیکن جھوٹ میں پنجاب پولیس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا، جس کی طرف سے لاہور جی پی او چوک پر جھوٹے مقدمات کی نئی تاریخ رقم کردی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ پنجاب کی 18 رکنی کابینہ اپنے عہدوں کا حلف اٹھاچکی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ معلوم ہوا ہے کہ بطور وزیر حلف اٹھانے والوں میں مریم اورنگزیب نے سینئر صوبائی وزیر کے طور پر حلف اٹھایا جب کہ دیگر حلف اٹھانے والوں میں عظمیٰ بخاری، چوہدری شافع حسین، شیر علی گورچانی، عاشق حسین کرمانی، کاظم پیرزادہ، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، اقلیتی رکن اسمبلی رمیش سنگھ آروڑہ، خلیل طاہر سندھو، ذیشان رفیق، صہیب بھرت، فیصل کھوکھر، رانا اسحاق، مجتبٰی شجا ع الرحمان، بلال یاسین، ارشاد حسین اور بلال اکبر شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں