سابق صدر کا عمران خان کی رہائی سے متعلق بڑا مطالبہ

کراچی (پی این آئی)سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان پر جو مقدمات ہیں ان کاٹرائل جلد ہونا چاہیئے اور ملکی استحکام کیلئے عمران خان کو رہا کیا جائے۔

اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنی طرف سے بہتری کیلئے پوری کوشش کی، میں نے سر کے بل کھڑا ہو کر کام کیا اور بہتری کی پوری کوشش کی، جو سیاست سمجھی تھی اس کے ساتھ پوری کوشش کی جو کرسکتا تھا، میں نے جو بھی سیاست کی اصولوں کے ساتھ کی، میں کرپشن کے خلاف رہا میں پارٹی اصول پر قائم تھا کہ احتساب ہو، میں تو پاکستان کی بات کررہا تھا اور کرتا رہوں گا، عوامی مینڈیٹ کی قدر کی جائے، اسی لیے میں تو بضد تھا کہ پہلے مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہو اور پھر اسمبلی کال کرو میں نے لکھ کردیا، مینڈیٹ چوری پر گلی محلوں میں جاکر سوال کرلیں۔

عارف علوی کا کہنا ہے کہ جب پارٹی بنی تو پہلی پریس کانفرنس 1996 میں بھی یہاں ہوئی تھی، عمران خان نے مجھے بہت عزت بخشی، ملک بہت مشکل ترین وقت میں گزر رہا ہے، لوگوں کے اگر الزامات ہیں تو کورٹ جائیں اور اگر مجھ پر کوئی آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ بنوانا چاہتا ہے تو عدالتیں موجود ہیں، کوئی بھی وزیر اگر عہدے کا حلف لیتا ہے تو اس کے حلف کا حصہ ہے کہ جو عوامی مفاد میں ہوگا اسے عوام کے سامنے لاؤں گا، فوج بھی میری ہے ملک بھی میرا ہے، اس کی بہتری کے لیے کام کیا اور کرتا رہوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close