کراچی(پی این آئی)کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بھارت کے لیفٹ آرم سپنر شہباز ندیم نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بھارتی کرکٹر اور ڈومیسٹک میں جھارکھنڈ کی نمائندگی کرنے والے لیفٹ آرم سپنر شہباز ندیم نے بھارت میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور انہوں نے یہ اقدام دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز بشمول لیجنڈز مقابلوں میں شرکت کے ارادے سے اٹھایا ہے۔ندیم نے بتایا کہ میں اس فیصلے پر کافی عرصے سے غور کر رہا تھا اور اب میں نے تینوں فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے،
میں ہمیشہ محسوس کرتا ہوں کہ اگر آپ میں کھیلنے کے لئے کچھ حوصلہ ہے تو آپ ہمیشہ اپنے آپ کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے دباؤڈالتے رہتے ہیں تاہم اب میں جانتا ہوں کہ شاید مجھے ہندوستانی ٹیم میں موقع نہیں ملے گا، اس لئے یہ فیصلہ بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو موقع دیں، میں دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلنے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہوں۔34 سالہ ندیم نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 542 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھارت کے لئے دو ٹیسٹ میچوں میں آٹھ شکار کئے۔انہوں نے 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور ایک اور ٹیسٹ کے لیے قریب دو سال انتظار کرنا پڑا جو بعد میں ان کاآخری ٹیسٹ ثابت ہوا۔انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں 2011 سے 2018 تک دہلی ڈیئر ڈیولز اور سن رائزرز حیدرآباد کے لئے 2019-2021 تک کھیلا اور 48 وکٹیں حاصل کیں،
آئی پی ایل 2022 سے پہلے انہیں لکھنوسپر جائنٹس نے پک کیا تھا لیکن وہ کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔ندیم نے کہا کہ میں فیصلے کرتے وقت ہمیشہ جذبات کو ایک طرف رکھتا ہوں، میں جھارکھنڈ کی ٹیم کے ساتھ 20 سال سے کھیل رہا ہوں، اگرچہ ہم رانجی ٹرافی نہیں جیت سکے لیکن ہم نے ایک مضبوط ٹیم بنائی ہے جو ہر دو تین سال بعد رانجی ٹرافی یا دوسرے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ناک آؤٹ کرتی ہے اور اس کے نتیجے میں اب کوئی بھی جھارکھنڈ کی ٹیم کو ہلکا نہیں لیتا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ کام نوجوان کھلاڑیوں کو سونپنے کا وقت ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ مستقبل میں ٹرافی جیتیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں