ن لیگ کتنی نشستیں جیت جائیگی؟ اسحاق ڈار نے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں 90 تک نشستیں جیت جائے گی۔

مرکزی رہنماء ن لیگ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نوازشریف مانسہرہ کی نشست بھی جیت چکے ہیں، انٹرنیٹ کی وجہ سے نتائج آنے میں تاخیر ہوئی، وزیراعظم کیلئے میرے اور پارٹی کے امیدوار میاں نوازشریف ہیں۔ن لیگ قومی اسمبلی میں 85 سے 90 سیٹیں جیت جائے گی، پنجاب میں بھی ن لیگ حکومت بنائے گی۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نتائج کی تاخیر پر مسلم لیگ ن کو بھی شدید تحفظات ہیں لیکن دس بارہ فی صد نتیجوں کی بنیاد پر کسی کی جیت کسی کی ہار کا حتمی تاثر بنا دینا شاید ہی ذمہ دارانہ طرزعمل ہو۔انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں بتا رہا کہ قومی اسمبلی میں ساٹھ خواتین اور دس اقلیتی مخصوص نشستوں کا سب سے بڑا حصہ مسلم لیگ ن کو ملے گا۔ جو پہلے ہی وفاق کی سب سے بڑی اکثریتی جماعت بن چکی ہے۔

فقط چند گھنٹے انتظار کر لیا جائے۔اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نتائج 50 فیصد سے زیادہ نہ ہوجائیں تب تک ٹرینڈ کا کچھ نہیں کہہ سکتے، ابتدائی 10 یا 15 فیصد نتائج پر ٹرینڈ سیٹ نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پرامید ہے کہ الیکشن کمیشن جلد نتائج سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت پرامن انتخابات ہوئے ہیں، اگر موبائل سروسز بند تھیں تو سب جماعتوں کیلئے مشکلات تھیں، سب کیلئے ایک جیسی لیول پلیئنگ فیلڈ تھی، ایسا نہیں تھا کہ کچھ جماعتوں کیلئے موبائل فون بند تھے اور کچھ کیلئے نہیں۔الیکشن کمیشن کی اگر کوئی ٹیکنیکل وجوہات ہیں تو ان کی ہوں گی میں الیکشن کمیشن تو ہوں نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پاکستان کو اس وقت مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، نئی حکومت کو آئی ایم ایف کے ساتھ بات کرنا پڑے گی، اگلے دوسال بڑے سخت ہوں گے، قوم جیسا بھی مینڈیٹ بھی دے ان کی مرضی ہے۔ اگر کمزور مخلوط حکومت ہوگی تو بلیک میلنگ میں پھنسی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close