جاوید لطیف نے بشریٰ بی بی پر مزید الزامات عائد کر دیے

لاہور ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کیلئے سہولتکاری میسر ہے، ٹرائل کے دوران ضمانت دی گئی۔

 

 

کیا مریم نواز اور فریال تالپور کو جیل کی بجائے گھروں میں نہیں رکھا جاسکتا تھا؟ مریم نوازکو جیل میں باپ کے سامنے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت کرنے کا مقصد یہی تھا کہ ایک دوسرے کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے، ایک عرصے تک میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہوتا رہا، لیکن پی ٹی آئی کے دور میں آکر وہ سلسلہ بند ہوگیا ،اکثر ہم جلسوں میں جاتے ہیں تو مخالفین کو بھی گلے لگا لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کیس میں سزا پر عمران خان کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا، پھر اس کے گھر کو سب جیل قرار دے دیا گیا، جب کہ مریم نواز اور فریال تالپور کو جیل میں رکھا گیا ؟ انہیں بھی گھروں میں رکھا جاسکتا تھا۔بشریٰ بی بی کو سہولتکاری میسر ہے، ایک خاتون کا ٹرائل ہورہا تھا اس دوران بھی گرفتار نہیں کیا گیا، ضمانت دی گئی، لیکن کیا ہماری خواتین کو ایسے کبھی ضمانت ملتی تھی۔کیا مریم نواز کے جب جلسے جلوس ہورہے تھے تو پھر ایک جیل سے ہی گرفتار کیا گیا تھا۔

 

 

 

مریم نواز کو باپ کے سامنے گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کی رہنماء ناز بلوچ نے کہاکہ ہمارے ہاں بڑی خوشی منائی جاتی ہے کہ جب کوئی سابق وزیراعظم یا کوئی رہنماء جیل جاتا ہے تو خوشی منائی جاتی ہے۔ قانون اپنی جگہ پر موجود ہے، انصاف ہونا چاہیے۔ ہمارے خلاف تو بہت بار ناانصافی ہوئی، شہید بی بی نے ہی چارٹرڈ آف ڈیموکریسی بھی کیا۔ سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہیئے، کیا پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ نے جیلیں کاٹیں، ڈنڈے کھائے، آصف زرداری نے 12سال جیل کاٹی۔ ہم سب کو مل کر تفریق، نفرت تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، پھر ہی پاکستان آگے بڑھ سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں