تازہ ترین

آصف زرداری نے انتخابات سے پہلے ہی میدان مارلیا، بڑی کامیابی مل گئی

نوابشاہ (پی این آئی) نواب شاہ کے حلقہ این اے 207 سے شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کے مقابلے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے ای) سمیت 2 امیدوار دستبردار ہوگئے۔

این اے 207 شہید بینظیر آباد کے ریٹرننگ افسر سبھاش چندر نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مضبوط حریف جی ڈی اے کے سید زاہد حسین شاہ مقابلہ سے دستبردار ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ آزاد امیدوار ریاض حسین خاصخیلی بھی کاغذات نامزدگی واپس لیتے ہوئے انتخابات سے دستبردار ہوگئے۔ ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلا آوٹ ہوگیا، اب سیاسی میدان میں صرف تیر اور شیر کا مقابلہ ہوگا، وہ الیکشن لڑ رہا ہے تاکہ جیل سے بچ جائے ، میں اس لیے الیکشن لڑ رہا ہوں تاکہ آپ سب کو بچاؤں، آپ اسے ووٹ دیں گے جس نے 3 بار وزیر اعظم رہ کر بھی کوئی کام نہیں کیا، یہ لوگ ڈرتے ہیں کہ ہم عوام میں نکلے تو عوام ہمارے ساتھ کیا کریں گے۔

وہ بزدل شخص ہے ،میں اسے اس کے گھر میں گھس کر ماروں گا، شیر کے شکار کیلئے تیر استعمال ہوتا ہے، مل کر شیر کا شکار کریں گے کیوں کہ یہ وہ لوگ ہیں جو کبھی حکومت میں آتے ہیں تو لوگوں کو مسائل میں دھکیل دیتے ہیں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے تو ہم عوام کو ریلیف پہنچاتے ہیں۔ ۔ بلوچستان کے علاقہ نصیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میں بلوچستان کی سرزمین پر کھڑا ہو کر اسلام آباد کو ایک پیغام پہنچانا چا رہا ہوں کہ چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے عوام اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے حکمران سے خوش نہیں ہیں، 3 بار وزیر اعظم رہنے والے کو چوتھی بار وزیر اعظم بنایا جا رہا ہے پاکستانی عوام کو یہ فیصلہ نا منظور ہے۔

بلوچستان کے عوام اس شخص کو نہیں پہچانتے، 3 بار کے وزیر اعظم کو چھوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم اس شخص کو کیوں کر مانیں جو 3 بار ناکام ہو چکا ہے، ہم 8 فروری کو اپنا حق چھین کے لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کسی کے سامنے نہیں جھکتے ہیں، عوام اس شخص کو جان اور پہچان چکے ہیں، اس شخص کو جب پہلی بار بھی مسلط کیا گیا تھا تو اس وقت بھی اس نے بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا تھا، دوسری بار بھی وہ منتخب نہیں بلکہ مسلط کیا گیا تھا تب بھی اس نے بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا، تیسری بار بھی مسلط کیا تو عوام سے پوچھیں کہ اس نے وعدے وفا کیے، 3 بار اس طرح ناکام ہونے والے شخص کو چوتھی بار کیوں مانیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں