پاکستان کرکٹ بورڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

ویب ڈیسک (پی این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا بھی قومی خزانے سے کروڑوں روپے لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی ) نے نیب انکواری کے دوران پانچ سال میں ہونے والے اخراجات کی رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا کہ 2017 چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کو 20 کروڑ سے زائد کی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ادا کی۔2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا جبکہ کوچنگ اسٹاف کیلئے50 لاکھ اور دیگر اسٹاف کیلئے 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا تھا۔

حکومت پاکستان نے2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو اعلان کی جانے والی انعامی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز سے جاری کردی تھی ، پاکستانی کرکٹرز کو حکومت کی جانب سے جو فنڈز ملے وہ بنیادی طور پر دیگر کھیلوں پر خرج ہونے کیلئے مختص تھے ۔عمومی طور پر وزیر اعظم کے اعلان کردہ انعامی رقم صوابدیدی فنڈز سے جاری ہوتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم کھلاڑیوں کو براہ راست چیک کے ذریعے جاری کی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ مؤقف رہا ہے کہ وہ اپنے امور چلانے کیلئے حکومت سے فنڈز نہیں لیتا اور وہ ایک آزاد ادارہ ہے۔حکومت کی جانب سے 2017 میں کرکٹرز کو بطور انعام ادا کی جانیوالی رقم حکومتی فنڈنگ شمار نہیں ہوتی لیکن ماہرین نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ حکومت نے صوابدیدی فنڈز کی بجائے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز سے کرکٹرز کو کیوں ادائیگی کی کیوں کہ پی ایس بی کا بجٹ دیگر کھیلوں کیلئے ہوتا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close