عدالت نے پرویز الٰہی کی درخواست پر کیس کی سماعت کے لیے لمبی تاریخ دے دی

اسلام آباد(پی این آئی)عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس، احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں چودھری پرویز الٰہی کی درخواست پر کیس کی سماعت کے لیے لمبی تاریخ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو آج جوڈیشل کمپلیکس، احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں انسداد ہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز الہٰی کے وکلا سردار عبدالرازق اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین عدالت میں آئے تو انھوں نے پرویز الٰہی سے مکالمہ کیا، انھوں نے کہا چودھری صاحب کیسے ہیں، تاخیر سے آنے پر معذرت، بانی پی ٹی آئی آپ کی بہت تعریف کرتے ہیں۔ جج نے کہا کوشش ہے کہ میرٹ پر کام کروں کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔
لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہا ہے؟ صحافی کا پرویز الٰہی سے سوال
پرویز الٰہی نے بتایا ’’میں گر گیا تھا، 2 ٹیسٹ کرانے ہیں، ایک الشفا ٹرسٹ میں ہی ہوتا ہے، استدعا ہے کہ دونوں ٹیسٹوں کے لیے اجازت دی جائے۔‘‘ جج نے کہا آپ درخواست دیں میں دیکھ لوں گا، بے شک اڈیالہ میں ہی دے دیں۔

پرویز الٰہی نے درخواست کی آپ اس کیس میں لمبی تاریخ دے دیں، جس پر جج نے استفسار کیا کہ کتنی لمبی تاریخ دوں، چلہ تو نہیں کاٹنا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں