عثمان ڈار کی والدہ کے الزامات پر عمران ریاض خان کا دبنگ ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عمر ڈار اور عثمان ڈار کی والدہ کے الزامات کے حوالے سے ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کے بیان پر صحافی عمران ریاض خان کا تبصرہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مقدمات کی روایت تو پرانی ہے مگر خواتین کی بے حرمتی والی بے شرمی پہلے نواز شریف کی جانب سے پیپلز پارٹی اور اب بھی اسی نواز شریف کو لانے کے لیے پی ٹی آئی کے خلاف کی جا رہی ہے، افسوس یہ ہے کہ نظام میں ایسے نالائق پرزے ہر دور میں دستیاب رہتے ہیں۔ قبل ازیں ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال نے کہا تھا کہ سیالکوٹ پولیس نے اشتہاری ملزم عمر ڈار کو گرفتار کرنے کے لیے قانونی طریقے سے چھاپہ مارا، جب یہ ریڈ کیا گیا تو گھریلو خواتین نے انتہائی نازیبا و ناشائستہ الفاظ کا استعمال کیا اور پولیس کے جانے کے بعد یہ من گھڑت کہانی بنائی کہ پولیس نے تشدد اور بدتمیزی کی ہے، ان تمام باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس مقدمات کے حوالے سے شواہد موجود ہیں، جس میں ملزم عمر ڈار ریاست پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے، تشدد اور توڑ پھوڑ میں بھی ملوث ہے، کیا اشتہاری ملزمان گھریلوں خواتین کا سہارا لے کر قانون کے دائرے سے دور رہیں گے؟ کیا ایک اشتہاری سوشل میڈیا پر موجود ہو، گھر والوں کے ساتھ رابطے میں بھی ہو اور اس کو سیاسی بیانیے کے طور پر استعمال کیا جائے؟۔

 

 

 

خیال رہے کہ عثمان ڈار کی والدہ نے الزام عائد کیا تھا کہ خواجہ آصف نے میرے گھر پر حملہ کروایا ہے، خواجہ آصف نے میرے الیکشن کے کاغذات جمع کرانے کا سن کر آپ نے میرے گھر پر پولیس کے 20 لوگ بھیج دیئے، میں دروازہ نہیں کھول رہی تھی، یہ لوگ دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، ان لوگوں نے مجھے زدوکوب کیا، میرے سر سے چادر اتاری، میرے بال کھینچے۔ ان الزامات کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ اصف کا کہنا ہے کہ ہمیشہ اپنے مخالفین کے ساتھ ذاتیات کی نہیں بلکہ سیاسی جنگ لڑی، اپنے مخالفین کے ساتھ اصولوں کی جنگ لڑتا ہوں اور ان کے بزرگوں و اہل خانہ کا احترام کرتا ہوں، میں نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، اللہ کی مدد سے عوام کی محبت کی سیاست کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں