مظفرآباد(پی این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ اقدام کسی صورت قابل قبول نہیں، بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا، نہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ صحافت بھی کی، صحافیوں سے گہرا رشتہ ہے، آزادی کی تحریک کے حوالے سے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا پڑے گا، کشمیر کا فیصلہ یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے، کوئی بھی عدالت کشمیریوں سے ان کا حق نہیں چھین سکتی، کشمیری قیادت کی رہنمائی کیساتھ پاکستانی وزارت خارجہ اور مشنز متحرک نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کیساتھ مشاورت سے کام کر رہے ہیں، سارے کشمیری بہادر اور پرعزم ہیں، مشترکہ کوششیں مفید اور نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہیں، لوگوں کو مایوس اور ناامید نہیں ہونا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں