بلاول بھٹو نے خبردار کر دیا

کوئٹہ (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری جماعتیں فیل ہوں گی تو کوئی اور طاقت ہماری جگہ لے گی،اگر ایسا ہوا تو ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے بابو خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، ملک جس طریقے سے چل رہا ہے اس طرح نہیں چلا سکتے، انہیں نہیں پتا کہ گراس روٹ لیول کے مسائل کیا ہیں، ہمیں نفرت اور تقسیم والی سیاست پر اب سوچنا ہوگا، آپس کی لڑائیوں کیلئے کسی کے پاس وقت نہیں، جمہوری جماعتیں فیل ہوں گی تو کوئی اور طاقت ہماری جگہ لے گی، اگر ایسا ہوا تو ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ مجھے بلوچستان کے عوام کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو، جو ملک پہلے منتخب وزیراعظم تھے، اور ملک کے صدر بھی رہے، ان کو پھانسی دے دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم و مسلم امہ کی پہلی منتخب وزیراعظم کو شہید کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ میرے نوجوان ماموں شاہنواز بھٹو کو زہر پلایا گیا، میرے ماموں میر مرتضی بھٹو کو اپنے گھر کے باہر شہید کیا گیا اور اس کا الزام شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے خاندان پر لگایا گیا، جو ایک بھٹو کو کمزور کرنے کے لیے دوسرے بھٹو کو نشانہ بناوً کی سازش تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کرنا تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آج جب دیکھتا ہوں کہ بلوچستان کی کوئی ماں اپنے بیٹے کی ٹارگٹ کلنگ ہونے یا لاپتہ ہونے پر دکھی ہے، تو میں ان کا دکھ جانتا ہے۔

پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں،میں یہ بھی جانتا ہوں جب عوام اور نوجوان فیصلہ کر لیتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت اسکو رد نہیں کرسکتی۔ میری درخواست ہے ان سب کو 8 فروری کو سرپرائز دیں، آپ اپنے ووٹ کا اختیار استعمال کریں، بڑی تعداد میں نکلیں، اس ملک کی قسمت 2 لوگوں کے حوالے نہ کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا یہ اعتراض تو بالکل نہیں کہ یہ بزرگ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ بزرگ ہوتے ہوئے بھی اس ملک کے لیے نئی طرز سیاست اختیار کرسکتے ہیں اور آپ نوجوان ہوتے ہوئے بھی وہی پرانی طرز سیاست سے دلچسپی رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں روایتی اور پرانی سیاسی سوچ کو چھوڑنا پڑے گا، ہم نفرت، انا اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی، ہم سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کو انکا حق دلوائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں