موٹرسائیکل سواروں کی کالج بس پر فائرنگ، 2 طالبات زخمی

لاہور (آئی این پی) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ موہلنوال کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے نجی کالج کی بس پر فائرنگ سے 2 طالبات زخمی ہو گئیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ،وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتار ی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ نجی کالج کے سٹوڈنٹس پتوکی سے کشمیر ٹرپ پر جا رہے تھے کہ سندر کے علاقے موہلنوال کے قریب ملتان روڈ پر نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی، جس میں زد میں آکر عائشہ اور نمرہ نامی کالج کی 2 طالبات زخمی ہو گئیں، جنہیں جنرل ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ۔نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی طالبہ عائشہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جو جنرل ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہے۔ سندر پولیس نے واقعے کا مقدمہ زخمی طالبہ عائشہ کے بھائی سلیمان کی مدعیت میں درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اے ایس پی رائیونڈ شاہ رخ خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس پی صدر سدرہ خان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ جلد ہی ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے جائے وقوعہ دورہ کیا جہاں انویسٹی گیشن ٹیموں نے انہیں بریفنگ دی اور وقوعہ سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے انویسٹی گیشن ٹیموں کو فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہو گی ۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے جنرل ہسپتال کا دورہ کر کے فائرنگ سے زخمی ہونے والی طالبات کی فیملیز کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور طالبات کی صحت یابی کے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بھی لاہور کے نواحی علاقے موہلنوال میں نجی کالج کی بس پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتار ی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی طالبات کو بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں