عماد وسیم نے کراچی کنگز کو خیرباد کہہ دیا، کونسی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی؟

لاہور (پی این آئی) عماد وسیم نے کراچی کنگز کو خیرباد کہہ دیا، آل راونڈر کی نئی پی ایس ایل ٹیم کے نام کا بھی اعلان کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 9 کیلئے فرنچائزز نے کھلاڑیوں کے تبادلوں اور چناو کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ 9 کیلئے کئی ٹیموں کے بڑے کھلاڑیوں کے تبادلوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سابق پی ایس ایل چیمپئن کراچی کنگز کے کپتان کے تبادلے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق عماد وسیم نے کراچی کنگز چھوڑ دی ہے۔ اب عماد وسیم پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی کپتانی نہیں کریں گے۔ عماد وسیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے،اسلام آباد یونائیٹڈ نے حسن علی کی جگہ عماد وسیم کوشامل کرلیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان ہی رہیں گے، جبکہ عماد وسیم کھلاڑی کی حیثیت سے اسلام آباد یونائیٹڈ میں کھیلیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حال ہی میں عماد وسیم نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں عماد وسیم نے کہا کہ ریٹائرمنٹ لینے کا یہ بالکل درست وقت ہے، پی سی بی اور تمام فینز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔

آل راؤنڈر نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔ واضح رہے کہ عماد وسیم نے 55 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 986 رنز بنائے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ عماد وسیم نے پاکستان کی طرف سے 66 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 486 رنز بنائے اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close