کراچی (آئی این پی )سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ منقسم نہیں متحد ہے ، پیپلز پارٹی گزشتہ 15 سالوں سے اس صوبے پر قابض ہے، یہ شہر لاقانونیت اور بدترین گورننس کا نمونہ پیش کر رہا ہے۔ کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے جا رہی ہے ، ایم کیو ایم کا مینڈیٹ منقسم نہیں متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی پر ووٹ مانگنے کے بجائے لندن کے بائیکاٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم صرف مہاجروں کی نہیں تمام جماعتوں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے اختیارات اور محکمے آئین میں لکھ دیئے جائیں۔ نیشنل فنانس کمیشن میں اضلاع کے مالیاتی اختیارات وضع کئے جائیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات تک عام انتخابات کا انعقاد نہ کرایا جائے۔ یہ تین ترامیم ہم آئین میں کرانا چاہتے ہیں۔ سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ صوبائی خودمختاری 2008 کے بعد ہوئی ہے۔ پہلے سندھ کا بجٹ 176 ارب روپے تھا جس میں کراچی کو 33 ارب روپے ملتے تھے۔انہوں نے کہا صوبائی خود مختاری اسلام آباد سے آکر وزیر اعلیٰ ہائوس میں پارک ہوگئی۔ ہم ان ترامیم سے اختیارات وزیر اعلیٰ ہائوس سے نکال کر گلی محلوں تک لانا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں