ای پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) ملک بھر میں ای پاسپورٹ کا اجرا شروع، فیس کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئیں، ملک میں کسی بھی پاسپورٹ آفس سے ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی، جلد ہی اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت دیگر انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر ای گیٹ یا اسمارٹ گیٹ لگا دئیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کئی برسوں کی تاخیر کے بعد بالآخر ای پاسپورٹ سروس ک باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ملک بھر میں ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جلد ہی اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت دیگر انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر ای گیٹ یا اسمارٹ گیٹ لگا دئیے جائیں گے۔ ای پاسپورٹس رکھنے والے مسافر ان اسمارٹ گیٹس سے گزرتے ہوئے امیگریشن پراسس مکمل کر لیں گے۔ پاکستان میں کسی بھی پاسپورٹ آفس سے ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی سے بنائے گئے ای پاسپورٹ میں 20 سے زائد سیکورٹی فیچرز ہیں۔ ای پاسپورٹ میں پاسپورٹ ہولڈر کا سارا ریکارڈ اور سفری تفصیل موجود ہوگی۔ جلد ہی یورپ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں بھی ای پاسپورٹس بنانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ای پاسپورٹ کی فیس سے متعلق بھی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 5 سال کے لیے 36 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار اور ارجنٹ کی 15 ہزار روپے ہوگی۔

دس سال کی مدت کے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 13 ہزار جبکہ ارجنٹ کی ساڑھے 22 ہزار ہوگی۔ پانچ سال کیلیے 72 صفحات کے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 15 ہزار اور ارجنٹ کی فیس 27 ہزار روپے ہوگی۔ دس سال کے لیے 72 صفحات کے ای پاسپورٹ فیس 24 ہزار 750 اور ارجنٹ فیس ساڑھے 40 ہزار روپے ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں