ن لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر پر دوافراد کے قتل کا مقدمہ درج کروا دیا گیا

حافظ آباد(پی این آئی)حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر اور اس کے چھ ساتھیوں پر زمین پر قبضہ کرنے کے لئے دو افراد کو قتل کرنے کا مقدمہ درج ہو گیا۔

 

 

 

تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں ضلع حافظ آباد کے علاقہ میں زمین کے تنازعہ پر 2افراد کے قتل کے معاملہ میں سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نون کے رہنما لیاقت عباس بھٹی سمیت 7افراد کے خلاف دہرے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ٹھٹھہ کریم داد کے رہائشی میاں محمد ایوب ایڈووکیٹ ولد میاں دوست محمد کی درخواست پر درج ہوا ہے۔ ایف آئی آر میں میاں محمد ایوب نے بیان دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں اور ٹریکٹر ڈرائیور کے ہمراہ چک صابو میں اپنی زمین پر موجود تھے کہ لیاقت عباس ولد غلام عباس، ناصر شاہ ولد نوازش شاہ، فیصل ولد شہباز چار دیگر ساتھیوں کے ساتھ آتشیں اسلحہ سے مسلح ہو کر آئے اور لیاقت عباس بھٹی کے ایما پر ناصر شاہ اور فیصل نے آٹو میٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے قیصر ولد بشیر بھٹی اور یوسف ولد نور کو شدید زخمی کر دیا، قیصر ہسپتال کے راستے میں اور یوسف ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ میاں محد ایوب نے بتایا کہ اس واقعہ سے قبل 13 نومبر کو لیاقت عباس بھٹی نے ملزمان ناصر شاہ کو مسلح کر کے ان کی اراضی کے قریب بٹھایا تھا، اس وقت ہی ایف آئی آر درج کروا دی تھی۔

 

 

 

وجہ تنازعہ زمین ہے جو میاں محمد ایوب نے جب سے خریدی ہے تبھی سے لیاقت عباس بھٹی اس زمین پر قبضہ کرنے کے لئےان کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔ اس بابت مقدمے بھی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں پولیس نے مقدمہ درج کر کے کاروائی کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں