ممبئی (پی این آئی) نیوزی لینڈ کو شکست، بھارت چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا، ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کیوی بلے باز میزبان بھارت کی جانب سے دیا گیا پہاڑ جیسا ہدف حاصل نہ کر سکے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 7 وکٹیں حاصل کرنے کر کے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 134 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے باوجود اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد بھارت 19 نومبر کو احمد آباد کے میدان پر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے سیمی فائنل کی فاتح سے فائنل میں ٹکرائے گا۔ بدھ کے روز کھیلے گئے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا۔ ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے اوپنرز نے ٹیم کو 71 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم کپتان روہت شرما ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرکے 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی وکٹ ساؤتھی نے لی۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کوہلی اور ایر نے 163 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ویرات کوہلی نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویرات کوہلی نے نیوزی لیںڈ کے خلاف کیرئیر کی 50ویں ون ڈے سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر 49 سینچریوں کے ہمراہ پہلے نمبر پر براجمان تھے۔ شریاس ایر نے 70 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ اختتامی لمحات میں کے ایل راہول نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ شبمن گل آخری اوور میں دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے اور 80 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 100 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹرینٹ بولٹ 10 اوورز میں 80 رنز دے کر ایک وکٹ لے سکے۔ قبل ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کیویز کیخلاف بڑا اسکور کرکے پریشر بڑھائیں۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے ابتدائی اوورز میں جلد وکٹیں لیکر میزبان ٹیم کو پریشر میں لائیں۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
بھارت کا اسکواڈ کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج پر مشتمل تھا جب کہ نیوزی لینڈ کا اسکواڈ کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں