لاہور(پی این آئی) 9 مئی کے واقعات کے بعد گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمد الرشید ، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے الیکشن لڑنے کے لیے عدالت سے اجازت طلب کر لی۔ تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اگر عدالت اجازت دے تو میں کچھ گزارش کرنا چاہتی ہوں۔ہم نے الیکشن لڑنے ہیں۔اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے الیکشن لڑنے ہیں ۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کے لیے جیل سے باہر ہونا لازمی ہے ۔یاسمین راشد نے کہا کی ضروری نہیں لیکن الیکشن کیمپین تو کرنی ہے۔ جج ارشد جاوید نے کہا کہ آپ کا ایک مقدمہ کا چالان آ گیا ، مجھے نہیں علم کہ آپ پر کتنے مقدمات ہیں ، اس کیس کا باقی ملزمان کی حد تک چالان طلب کیا ہے، چالان آ جائے گا تو اس کو کچھ ہفتوں میں نمٹا دیں گے۔یاسمین راشد نے کہا چھے ماہ تین دن سے مجھ سمیت پندرہ عورتیں جیل میں ہیں۔ ہم عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے۔عدالت نے کہا ہم گواہوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا میانوالی ، قصور ، فیصل آباد مختلف اضلاع سے 13 مقدمات میں مجھے گرفتار کرنے آ گئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ انتظامیہ کا کام ہے ہم نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں شیر پاؤ پل پر پولیس گاڑیاں جلانے اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کے کیس میں پراسیکیوشن نے پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف 280 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا، چالان میں 45 گواہان کی فہرست بھی شامل ہے، چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، رانا تنویر ،ریاض حسین اور ضیاس خان سمیت چار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو 24 نومبر کو طلب کر لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں