الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہونے کی نوید سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا اور الیکشن کے بعد یقینی طور پر پاکستان میں معاشی استحکام آجائے گا۔جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ الیکشن کے بعد یقینی طور پر پاکستان میں معاشی استحکام آجائے گا، ہمار ے ملک میں اس وقت امید کا فقدان ہے، اسٹرکچرل تبدیلیوں اور درست حکمت عملی کے ساتھ غربت سے نکل سکتے ہیں، منتخب حکومت کو ایک ڈیڑھ سال مشکل فیصلے کرنا ہوں گے اس کے بعد ملک ترقی کے سفر پر آگے بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں معیشت پر اپنا اپنا نکتہ نظر لے کر چل سکتی ہیں، ملک کی آمدن بڑھانے کے ذرائع بنانا پڑیں گے، (ن) لیگ کے معاشی ایجنڈا کا مرکزی نکتہ غریب آدمی ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری اور بزنس کیلئے رکاوٹیں دور کریں گے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا تاہم ملک کی آمدن بڑھانے کے ذرائع بنانا پڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close