پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کی درخواست ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہور(آئی این پی) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔اے ٹی سی میں صنم جاوید کے خلاف 9 مئی کو مسلم لیگ (ن)کا دفتر جلانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پی ٹی آئی کارکن کی درخواست ضمانت منظور کی۔عدالت نے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ملزمہ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے شریک ملزم تاج محمد اور محمد تنویر کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ملزمان پر 9 مئی کو ماڈل ٹان میں (ن) لیگ کا آفس جلانے کا الزام ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے سماعت کی۔سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے بتایا کہ میری مکلہ (ن) لیگ کا آفس جلانے کے کیس میں زیرِ حراست ہے، 2 مقدمات میں ان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔جمعے کو لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاوید خان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب سے جواب مانگا تھا۔جسٹس علی باقر نجفی نے ملزمہ کی توہین عدالت کی پر سماعت کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ آئی جی نے رپورٹ میں کہا درخواست گزار کے خلاف دو مقدمات کے علاوہ کوئی مقدمہ نہیں لیکن دونوں مقدمات میں ضمانت کے باوجود رہا نہیں کیا گیا۔اس پر عدالت نے آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 10 نومبر تک ملتوی کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں