نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات ہونے کا عندیہ

لاہور (پی این آئی) سینئر لیگی رہنما مشاہد حسین سید نے نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات کا عندیہ دے دیا۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ نواز شریف کی سوچ اب مدبرانہ ہے، نواز شریف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملاقات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امراء رائے ونڈ میں پارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، سیاسی رابطوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور اہم فیصلے کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے اور ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارلیمانی بورڈکی نگرانی بھی خودکریں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ نوازشریف 10 نومبر سے ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ اگر اللہ نے پھر سے اقتدار دیا تو انصاف کے اداروں کو مضبوط کریں گے۔اجلاس میں انتخابی بیانیے بارے تجاویز طلب کر لی گئیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے آج ( بدھ) سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ،ملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے فوری انتخابات کی ضرورت ہے ، اس وقت جو اصلاحات درکار ہیں انہیں کرنے کے لئے ایک نمائندہ اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close