استحکام پاکستان پارٹی کا پہلا جلسہ، شرکا کی تعداد کتنی نکلی؟ ایجنسیوں کی رپورٹ آگئی

لاہور، جہانیاں(پی این آئی)استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) نے اپنا پہلا جلسہ گزشتہ روز جہانیاں میں کیا جہاں پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر علیم خان نے بھی خطاب کیا۔

آئی پی پی کا دعویٰ ہے کہ پینتیس سے چالیس ہزار لوگ جلسے میں شریک تھے ، اب آزاد ذرائع اور ایجنسیوں کے اندازے بھی سامنے آگئے ہیں۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں گئی جن کے دلوں میں پاکستان کا درد نہیں تھا ہم اس لئے اکٹھے ہورہے ہیں کہ ادھورا مشن پورا کیا جاسکے، ہار ماننے کو تیار نہیں، اپنے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، ہمیں دشمنی نہیں کرنی، مخالفانہ بیانات اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب 10، 12 سال پہلے دیکھنا شروع کیا تھا ہم سب اکٹھے رہیں گے اور نیا پاکستان بنائیں گے۔ آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت اور موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا،بے گھروں کےلئے 3 مرلہ پلاٹ دئیے جائیں گے ،کم سے کم اجرت 50 ہزار روپے ہوگی، ساڑھے 12ایکٹر تک کے کسانوں کو ٹیوب ویلز کیلئے بجلی مفت ہو گی

استحکام پاکستان پارٹی کے دعووں کے برعکس ایجنسیوں کاکہنا ہے کہ سات سے آٹھ ہزار لوگ تھے ۔ آزاد ذرائع کاکہنا ہے کہ پندرہ سے اٹھارہ ہزار لوگ شریک ہوئے جبکہ خبریں نے 12 سے پندرہ ہزار لوگوں کی شرکت کا دعویٰ کیا ہے ۔ سینئر صحافی منصور علی خان کاکہناتھاکہ جہانیاں چھوٹا علاقہ ہے ، لاہور، فیصل آباد یا کراچی جیسا علاقہ تو نہیں تھا، علاقے کی مناسبت سے ایک اچھا جلسہ تھا، جلسہ گاہ بھری ہوئی تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں