عالمی مارکیٹ میں پیٹرول مہنگا جبکہ ڈیزل سستا ہو گیا

لاہور (پی این آئی) یکم نومبر سے ڈیزل سستا ہونے کا امکان، عالمی مارکیٹ میں پٹرول مہنگا جبکہ ڈیزل سستا ہو گیا، ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بھی کم ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق اگلے ماہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ نئی قیمتوں کے حوالے سے عوام کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ گزشتہ کچھ روز سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل، پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔
تاہم اب تازہ ترین تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور خام تیل کی قیمتوں میں تو اضافہ ہوا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمت 90.72 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو کہ 15 دن پہلے 87.74 ڈالر فی بیرل تھی۔

عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 114.65 ڈالر سے کم ہوکر 112.53 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ پٹرول کی ایکس ریفائنری کی قیمت 202.33 روپے سے بڑھ کر 204.76 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

جبکہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری لاگت 231.38 روپے سے کم ہوکر 225.74 روپے پر آ گئی ہے۔ اسی لیے یکم نومبر سے پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 5.65 روپے کی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ یکم نومبر سے رول کی قیمت میں 2.43 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال اوگرا کی جانب سے کوئی حتمی سمری تیار نہیں کی گئی۔ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق اوگرا کی جانب سے سمری تیار کر کے وزارت خزانہ اور پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی جائے گی۔

وزارت خزانہ کی منظوری کی صورت میں ہی یکم نومبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں رد و بدل ہو گا۔ یہاں یاد رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے 15 اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ 15 اکتوبر کو پٹرول 40 روپے سستا کر دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں