اسلام آباد (پی این آئی) یکم نومبر سے پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 0.82 روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔
نگران حکومت کی جانب سے 16 اکتوبر کوپٹرول 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔ تاہم اب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافےکا امکان ہے ۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.14 اور 1.14 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں مشرق وسطٰی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہونے کے بعد برطانوی خام تیل کی قیمت 90 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 84 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے نیچے آ گئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 88 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 83 ڈالرز کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل تک عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالرز فی بیرل کی سطح تک بھی پہنچ گئی تھیں، تاہم مشرق وسطٰی میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی میں خلل پڑنے کے خدشات پیدا ہوئے، جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور گزشتہ ہفتے تک قیمتیں 90 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھیں۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ کچھ ہفتوں قبل تک عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی اور طلب میں توازن پیدا ہونے کی وجہ سے تیل کی فی بیرل قیمت 65 ڈالرز کی سطح تک بھی گر گئی تھی۔ تاہم سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیدوار میں کمی کرنے کا اعلان کیا گیا جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کی دوبارہ سے اونچی اڑان شروع ہوئی۔ ماہرین کی جانب سے پیشن گوئی کی جا رہی تھی کہ رواں سال کے آخر تک تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالرز تک جا سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں