گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے تک کی کمی، شوقین افراد کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) ملک کی بڑی آٹو کمپنی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی کر دی، انڈس موٹرز کی جانب سے پاکستان میں فروخت کی جانے والی مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں 1 لاکھ روپے سے 13 لاکھ روپے تک کی کمی کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران روپے کی قدر میں نمایاں اضافے اور ڈالر سستا ہونے کے بعد کئی آٹو کمپنیوں نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کر دی ہے۔تازہ ترین پیش رفت میں انڈس موٹر کمپنی نے روپے کی قدر میں بہتری آنے کے بعد ٹویوٹا برانڈ کے مختلف ماڈلز کی قیمت میں 13 لاکھ روپے تک کمی کی ہے۔کمپنی اعلامیے کے مطابق ٹویوٹا کرولا گاڑیوں کی قیمت میں ڈھائی لاکھ روپے تک کی کمی کی گئی، ٹویوٹا یارس کی قیمت ایک لاکھ سے ایک لاکھ بیس ہزار روپے تک کم کردی گئی ہے اسی طرح فارچیونر کی قیمت میں 10 لاکھ 80 ہزار سے 13 لاکھ روپے کمی کی گئی ہے۔انڈس موٹر کمپنی کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق 24 اکتوبر سے بُک ہونے والی گاڑیوں پر کیا جائے گا۔ اس سے قبل “کیا موٹرز” اور ایم جی موٹرز کی جانب سے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا جا چکا۔ ایم جی موٹرز نے مقامی طور پر اسمبل کردہ گاڑی ایم جی ایچ ایس ایسنس کی قیمت 6 لاکھ روپے کم کر کے 80 لاکھ 99 ہزار روپے کردی۔

ایم جی موٹرز نے قیمت میں کمی کی وجہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کو قرار دیا۔کیا موٹرز پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں 1 لاکھ روپے سے 5 لاکھ روپے تک کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی سب سے بڑی وجہ پاکستان روپے کی قدر میں بہتری ہے۔ آٹو سیکٹر سے وابستہ ماہرین کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستانی روپے کی بدترین تنزلی کی وجہ سے ملک کی تمام ہی آٹو کمپنیاں اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر چکیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کئی گاڑیوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک بھی اضافہ ہوا، تاہم اب گزشتہ ایک ماہ سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کی وجہ سے گاڑیوں کی قیمتوں میں بدتریج کمی آنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close