اسرائیلی بمباری میں تاحال 2750 فلسطینی شہید ہوگئے؛ایک ہزار سے زائد بچےبھی شامل

تل ابیب(پی این آئی )غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2750 تک پہنچ گئی جن میں 1030 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 9 ہزار 700 افراد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ ایکسپریس کے مطابق  دوسری جانب حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 1400 ہوگئی اور 4000 زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد اسرائیلی افواج کی مشتعل ہوکر ہفتے سے غزہ پر بمباری جاری ہے،

اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے ایک ہفتے سے جاری غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 1030 بچوں سمیت 2750 شہادتوں اور 9 ہزار 700 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی ہیلتھ منسٹری کا دعویٰ ہے کہ حماس کے حملے میں اس کے 1400 شہری ہلاکت اور 4000 زخمی ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close