مغربی ہوائوں کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونیوالا ہے، مزید بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی

کراچی ( پی این آئی ) آئندہ چند روز کے دوران ملک میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم کے داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے ملک بھر میں بارشوں اوربرفباری کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے اس سسٹم کے ایران کے راستے صوبہ بلوچستان میں داخل ہونے کی توقع ہے جس کی وجہ سے 16 سے 21 اکتوبر تک ملک کے مختلف مقامات پر بارشیں اور شمالی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، اس سسٹم کے باعث وسطی اور بالائی سندھ میں بھی بارشوں کی توقع ہے، جنوبی سندھ میں بھی اس سسٹم کے اثرات ہوں گے جس کی وجہ سے کراچی میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ اکتوبر کے وسط سے پاکستان بھر میں مغربی ہواؤں کے سلسلوں کا اغاز ہونے جا رہا ہے، جو ماہ اکتوبر میں 2 سے 3، نومبر میں 2 اور دسمبر مین بھی 3 سے 4 مختلف شدت اور دورانیے کے بارش کے سپیل کا باعث بنے گا جب کہ اس سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث ملک بھر میں معمول سے کم درجے کے پارہ کا امکان ہے، اسی سسٹم کے باعث برفانی علاقوں میں زبردست برفباری کا امکان ہے جس کی وجہ سے دھند کے طویل سلسلے رہیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ لگاتار بارشوں کے سپیل نومبر تا مارچ کے باعث ریکارڈ شدت کی سردی پڑنے کا امکان ہے، شدید موسمیاتی حالات بمعہ ژالہ باری کا خطرہ ہر مغربی سلسلے میں ہمراہ ہوگا، ملک گیر بارشوں کے سلسلے بلوچستان سندھ اور جنوبی پنجاب کو بھی متاثر کریں گے، کراچی میں بھی زبردست موسم سرما جانے اور بہترین و معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، تیز ہواوں کے ساتھ بارش نے شہر اقتدار میں سماں باندھ دیا جب کہ اس کے بعد پیر اور منگل کی درمیانی شب بارش کا یہ سلسلہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی جاری رہا جس کے باعث شہر کے موسم میں تبدیلی ہوئی چند روز سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں