اسلام آباد(پی این آئی)فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کر دی جس کے نتیجے میں ایک عورت ہلاک جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حماس کے ملٹری ونگ نے اسرائیل کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے آج ہفتے کی صبح اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ فائر کیے۔ حماس کے عسکری بازو عز الدین القسام کے کمانڈر محمد الضیف ابو خالد نے آپریشن الاقصی طوفان شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ فائر کیے ہیں، ہم نے یہ کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے کہ بس بہت ہو چکا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کرتے ہوئے غزہ میں اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ، جس کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے کی منطوری بھی دے دی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے2007 میں حماس کے کنٹرول کے بعد سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں