رانا ثنا اللہ کی دھمکیوں کے بعد نگران وزیر داخلہ نے نواز شریف کی گرفتاری سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا

اسلام آباد ( پی این آئی ) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کے حوالے سے وضاحت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، نگران وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔ وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا۔ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو “حد سے تجاوز” قرار دے دیا ۔ ایک بیان میں راناثناء اللہ نے کہا کہ سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں ۔ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں ۔ نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں، نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پہ توجہ دیں ۔نواز شریف پر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نیچے عوام کی فورس ہے۔

راناثناء اللہ نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک کے ساتھ اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی ۔ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ وفاق کا فیصلہ نہیں ہوگا یہ عوام کا فیصلہ ہو گا۔ نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close