مون سون بارشیں پھر شروع، محکمہ موسمیات کی ہلچل مچانے والی پیشنگوئی

لاہور (پی این آئی) ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی، مون سون اور مغربی ہواوں کے میلاپ کے باعث پنجاب میں بادل خوب برسیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں جمعرات کے روز ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورشہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی،بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں کافی حد تک کمی آ گئی ، گڑھی شاہو ، شملہ پہاڑی میں ہلکی بوندا باندی جبکہ ٹائون شپ سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔واسا ترجمان کے مطابق شہر میں ہونے والی بارش کے باعث سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی آب کیلئے عملہ ہائی الرٹ ہے،ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کیلئے واسا کی ٹیم نکاسی آب کو یقینی بنا رہی ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ 5 روزمیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 15 سے 20 ستمبر کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے، 16سے 18ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں جبکہ 17سے 19 ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں پانی کے بہا ئومیں تیزی کے امکانات ہیں، ضلعی انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے ۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے، باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی شہری انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close